بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا دہشتگردوں کے خلاف بڑا آپریشن، درجنوں ہلاک

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 19 دہشتگرد ہلاک، 11 اہلکار شہید

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 19 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ آپریشن کے دوران فورسز کے 11 اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان کی این 25 شاہراہ پر جھاؤ کراس اور کرارو کے درمیان فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کی گئی۔ آپریشن کے دوران 19 دہشتگرد مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ اسی دوران سیکیورٹی فورسز کے 11 جوان شہید ہوگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی بروقت کارروائی اس عزم کا مظہر ہے کہ عوام کی جان و مال، شاہراہوں کے تحفظ اور بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش کا سختی سے جواب دیا جائے گا۔

اس سے ایک روز قبل ضلع زیارت میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے، جس کے بعد فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

ایس پی زیارت عبدالقدوس نے بتایا کہ شہدا میں دو ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔

معاون خصوصی وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ زیارت میں فتنہ الخوارج کے خلاف کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا، جس میں 15 دہشتگرد مارے گئے۔

شاہد رند کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو بلوچستان کے امن سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست پوری قوت سے جواب دے رہی ہے، اور سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

Related posts

جوائنٹ اپوزیشن کی پہلی باضابطہ بیٹھک، قومی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ

قریشی موڑ اور بائی پاس کے قریب فائرنگ، پولیس کا سرچ آپریشن شروع

دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر عوامی اجتماعات پر پابندی، شادی کی تقریبات اور عبادت گاہیں مستثنیٰ