ایران کی امریکہ کو سخت وارننگ، "کوئی امریکی فوجی زندہ واپس نہیں جا سکے گا”
ایران نے امریکہ کو ایک بار پھر سخت لہجے میں وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں امریکی فوجیوں کو زندہ واپس جانے کا موقع نہیں ملے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا کہ ایران امریکہ کا انتظار کر رہا ہے اور وعدہ کیا کہ کوئی بھی امریکی فوجی زندہ واپس نہیں جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی افواج ہر ممکنہ کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
اسی دوران ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر اور وزارت خارجہ کے ترجمان محسن رضائی نے بھی سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ دشمن اور اس کے ساتھیوں کو سخت سزا دی جائے گی۔ ان کے مطابق اگر دوبارہ حملہ کیا گیا تو ایران کا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ سخت ہوگا۔
دوسری جانب ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر ٹرمپ کے بیانات پر بھی ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ مہذب اور بہادر ایرانی قوم کے لیے توہین آمیز زبان استعمال کرنے سے ایران کی عظمت میں کوئی کمی نہیں آتی۔ عراقچی کے مطابق ایرانی قوم اپنی شائستگی، ثقافت اور مضبوط اخلاقی اقدار کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران بیہودگی کا جواب بیہودگی سے نہیں بلکہ بےخوفی، حوصلے اور عملی اقدامات سے دیتا ہے۔
ایرانی حکام کے ان سخت بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، تاہم تاحال کسی نئی فوجی کارروائی کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
