اہم ترین دنیا امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں شدت، دونوں جانب سے فضائی اور میزائل حملے جاری News Deskجولائی 9, 202605 مشاهدات امریکا کے ایران پر مسلسل دوسرے روز بڑے پیمانے پر فضائی حملے، فائر فائٹر سمیت 3 شہری شہید امریکا نے مسلسل دوسرے روز بھی ایران میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے، جن میں جنوبی ایران کے متعدد فوجی اور اسٹریٹجک مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ تازہ حملوں میں ایک فائر فائٹر سمیت تین شہری شہید ہو گئے۔ امریکی طیاروں نے آج بھی ایران پر شدید بمباری کی، جس کے نتیجے میں شہر سیریک، بندرعباس، چابہار اور کنارک میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ بوشہر، ہرمزگان اور جزیرہ ابوموسیٰ میں بھی کئی مقامات پر بھاری بمباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ خوزستان کے گورنر کے مطابق امریکا کی جانب سے شہر اہواز پر حملے میں تین شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ امریکی فوج نے آج صبح صوبے خوزستان کے مغربی شہر اہواز کو نشانہ بنایا تھا۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ تازہ ترین کارروائی میں ایران کے نوے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں فضائی دفاعی نظام اور ساحلی نگرانی کے مراکز تباہ کیے گئے، جبکہ میزائل و ڈرون ذخائر اور بحری صلاحیتوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ ساحلی علاقوں میں قائم فوجی لاجسٹک انفراسٹرکچر بھی زد میں آیا۔ امریکی موقف کے مطابق کارروائی کا مقصد آبنائے ہرمز میں تہران کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی فی الحال کارگر ثابت نہیں ہوئی اور مزید فوجی کارروائیوں کا امکان موجود ہے۔ دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے جواب میں کویت میں امریکی فوج کے دو اڈوں اور بحرین میں بھی دو امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسداران انقلاب کی جانب سے وارننگ دی گئی ہے کہ اگر امریکا نے دوبارہ حملے کیے تو ردعمل خطے میں موجود دیگر امریکی اڈوں تک بھی پھیلایا جائے گا۔