ایران کے بحرین، کویت اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے، آبنائے ہرمز بند کرنے کا دعویٰ
امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی پاسداران انقلاب نے خلیجی خطے میں موجود امریکی تنصیبات کو ہدف بنا لیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے ترجمان نے آبنائے ہرمز بند کرنے کا دعویٰ ایک بار پھر دہرایا ہے۔
پاسداران انقلاب نے بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئربیس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ کویت میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر بھی حملے کیے گئے، جبکہ اردن کے پرنس حسن ایئربیس پر ایندھن کے ٹینک اور اسلحہ گودام بھی نشانہ بنے۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان کے مطابق کویت میں تازہ ترین ڈرون حملے میں امریکی راکٹ لانچر سسٹم کو نشانہ بنایا گیا۔ کویتی فوج کے مطابق کویت آئل کمپنی کے ڈرلنگ پلیٹ فارم پر بھی ڈرون حملہ ہوا۔
کویتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حملے میں پلیٹ فارم کو نقصان پہنچا اور ایک کارکن زخمی ہوا۔ تین سرحدی پوسٹیں بھی حملوں کی زد میں آئیں۔
خطے میں کشیدگی بڑھنے کے بعد بین الاقوامی برادری کی جانب سے فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیلیں سامنے آ رہی ہیں
