کاروبار وزیراعظم کی زیر صدارت معاشی اصلاحات پر اہم اجلاس، کاروباری برادری سے براہ راست رابطے کی ہدایت News Deskجولائی 15, 202608 مشاهدات 2026 معاشی ترقی اور کاروبار کے فروغ کا سال ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال کو معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا سال قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے ایف بی آر کے سینئر افسران کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے میں کراچی کا دورہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ یہ بات وزیراعظم نے معاشی اصلاحات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں ٹیکس نظام میں بہتری کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ کاروباری افراد کو زیادہ پیداوار اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کاروباری طبقے کے ساتھ تعاون کرے اور ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کاروباری برادری سے براہ راست رابطہ رکھا جائے تاکہ ان کے مسائل بلاتاخیر حل ہو سکیں۔ حکومت کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا، سرمایہ کاری اور برآمدات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو مزید شفاف اور آسان بنایا جائے گا تاکہ کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ شوگر، سیمنٹ، ٹوبیکو، ٹائلز اور فرٹیلائزرز کی صنعتوں میں پروڈکشن مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، جبکہ ٹیکسٹائل اور مشروبات کی صنعتوں میں یہ نظام نصب کرنے کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق پروڈکشن مانیٹرنگ کے ذریعے گزشتہ ایک سال کے دوران شوگر انڈسٹری سے 42 ارب روپے، سیمنٹ انڈسٹری سے 48 ارب روپے اور بیوریجز انڈسٹری سے 15 ارب روپے کا اضافی ٹیکس اکٹھا کیا گیا۔