ایران کا دفاعی نظام سے امریکی ایم کیو نائن ڈرون مار گرانے کا دعویٰ، بحرین میں امریکی تنصیبات بھی نشانہ
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے دفاعی نظام نے خوزستان میں امریکی ایم کیو نائن ڈرون مار گرایا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فوج کے سپر ہاک ریڈارز کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات اور پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام پر بھی ڈرون حملہ کیا گیا۔
ایک روز قبل امریکہ کی جانب سے سیستان و بلوچستان صوبے کے علاقے ایرانشہر کے قریب واقع بمپور گیریژن پر حملہ کیا گیا تھا، جہاں امریکی میزائلوں نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں سات فوجی ہلاک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق بوشہر میں تین مقامات پر بمباری کی گئی، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ چابہار میں سمندری نگرانی ٹاور کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکومت کی ترجمان کے مطابق حالیہ امریکی حملوں میں 30 عام شہری ہلاک اور 260 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 222 زخمیوں کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ تین زخمیوں کی عمریں 18 برس سے کم بتائی گئی ہیں۔
