ضلع رحیم یار خان، صادق آباد میں خاتون نے گھریلو ناچاقی پر چار بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دی
ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد کے نواحی علاقے منٹھار میں ایک خاتون نے گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہو کر اپنے چار بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بحفاظت نہر سے نکال لیا۔ تاہم چاروں بچے تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاپتہ بچوں کی عمریں ڈھائی سال سے دس سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ان کی شناخت علی حسن، آیان، ریان اور طیبہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نہر کی گہرائی تقریباً دس فٹ جبکہ چوڑائی تیس فٹ ہے، جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کے باوجود ریسکیو اہلکار بھرپور طریقے سے سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اور بچوں کی بازیابی کی کوششیں جاری ہیں۔
خاتون کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ گھریلو ناچاقی کی نوعیت اور دیگر تفصیلات سامنے آ سکیں۔
