حکومت کا کفایت شعاری اور توانائی بچت اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ
حکومت پاکستان نے کفایت شعاری اور توانائی بچت کے اقدامات 30 جون تک جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔ کریانہ اور گروسری اسٹورز کو رات دس بجے تک کاروبار کی اجازت دی گئی ہے جبکہ وزارت خارجہ کی قونصلر خدمات اب جمعہ کو بھی دستیاب ہوں گی۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت کفایت شعاری اقدامات سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنز کی جانب سے موصول استثنیٰ کی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ غور و خوض کے بعد کمیٹی نے موجودہ اقدامات کو 30 جون تک برقرار رکھنے کی سفارش کی۔
اجلاس میں طے پایا کہ کریانہ اور گروسری اسٹورز رات دس بجے تک کھلے رہ سکتے ہیں۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزارت خارجہ کی قونصلر خدمات جمعہ کے روز بھی فراہم کی جائیں گی، جس سے شہریوں کو سفری دستاویزات کے حصول میں سہولت ملے گی۔
ان اقدامات کا مقصد ملک میں توانائی کی کھپت کم کرنا اور اخراجات میں کمی لانا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ پالیسی معاشی استحکام کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے۔
