امریکا، ایران اور اسرائیل اختلافات سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کریں: چین
چین نے امریکا، ایران اور اسرائیل کے درمیان تین ماہ سے جاری کشیدگی پر سنجیدہ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ طاقت کے بجائے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے اپنے اختلافات ختم کریں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ تنازع خطے کی صورتحال کو مسلسل خراب کر رہا ہے اور خلیجی ممالک سمیت پورا مشرق وسطیٰ اس کے اثرات بھگت رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوجی کارروائیوں یا طاقت کے استعمال سے کوئی بھی تنازع دیرپا طور پر نہیں سلجھایا جا سکتا۔
چینی وزارت خارجہ نے خاص طور پر اس وقت کی نزاکت کی جانب توجہ دلائی جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہیں۔ بیجنگ کے مطابق ایسے حساس وقت میں کوئی بھی اقدام جو کشیدگی کو ہوا دے، انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
چین نے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے، دشمنانہ اقدامات سے گریز کرنے اور مذاکرات کی میز پر واپس آنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیجنگ کا مؤقف ہے کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن صرف سیاسی حل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
