پاکستان کا افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر حملے سے متعلق بھارتی بیان مسترد
پاکستان نے افغانستان میں دہشت گرد گروہوں کے انفرا اسٹرکچر کے خلاف کیے گئے حملوں پر بھارت کے بیان کو بے بنیاد اور غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت طویل عرصے سے افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان مخالف دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرتا آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پابندیوں کے نظام کی کھلی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پیج پر جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف یہ بے بنیاد الزامات وہی ملک عائد کر رہا ہے جو خود مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو طاقت کے زور پر دبائے ہوئے ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کا یہ طرزعمل اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت خطے میں امن کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ماضی میں بھی مناسب اقدامات کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
