افغان طالبان رجیم دہشتگردوں کی سرپرستی ترک کرے: آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ افغان طالبان رجیم نے 30 جون کو بلوچستان کی سرحد پر 4 ڈرون بھیجے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کامیابی سے مار گرایا۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں سخت موقف اپناتے ہوئے کہا گیا کہ افغان طالبان رجیم کو دہشتگردوں کی سرپرستی فوری طور پر ترک کرنی چاہیے۔ بیان کے مطابق سرحد پار سے ایسی کارروائیاں خطے کے امن کے لیے نقصان دہ ہیں اور پاکستان کسی بھی صورت اپنی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ آپریشن غضب للحق کے تحت ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی ہر کارروائی کو ناکام بنایا جائے گا اور خودمختاری پر کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاک افواج ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل تیار ہیں اور کسی بھی اشتعال انگیزی کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
