فیلڈ مارشل، سروسز چیفس اور مسلح افواج کی قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد
79ویں یوم آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سروسز چیفس اور مسلح افواج کی جانب سے قوم کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ پیغام میں کہا گیا کہ مسلح افواج قائداعظم، بانیوں اور قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عظیم قربانیوں نے آزادی کی آرزو کو خودمختار پاکستان کی حقیقت میں بدل دیا۔ ان رہنماؤں کا ویژن، ہمت اور عزم آج بھی قوم کے لیے رہنمائی کی قوت بنے ہوئے ہیں۔ یہ قربانیاں اصولوں اور نظریات کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتی رہتی ہیں۔ مسلح افواج نے اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیوں نے ملک کی آزادی، سلامتی اور قومی مفادات کا تحفظ کیا ہے۔
پیغام میں مسلح افواج نے مادر وطن کے دفاع کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔ پاکستان کی طاقت اس کے عوام کے اتحاد اور اجتماعی عزم میں مضمر ہے۔ قوم سے اپیل کی گئی کہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کے ساتھ اپنے عزم کی تجدید کی جائے اور رواداری کو فروغ دیا جائے تاکہ محفوظ، مستحکم اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کیا جا سکے۔ پیغام کے اختتام پر کہا گیا: افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان ہمیشہ پائندہ آباد۔
