پی ڈی ایم اے پنجاب کا بارش اور آندھی الرٹ، 24 اضلاع متاثر ہونے کا امکان
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر کے لیے موسمی الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 11 سے 13 جون 2026 کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمے کے مطابق راولپنڈی، مری، اٹک، جہلم، چکوال، بھکر، لیہ اور فیصل آباد سمیت متعدد اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ اور ان کے گردونواح میں بھی موسم خراب رہنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شمالی پنجاب کے ساتھ ساتھ وسطی اور جنوبی اضلاع بھی اس موسمی تبدیلی کی زد میں آ سکتے ہیں۔ جھنگ، اوکاڑہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، بہاولنگر، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان، کوٹ ادو اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
