ڈی پی او بھکر کا 06 محرم کے مرکزی جلوس کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
بھکر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر شہزاد رفیق اعوان نے 06 محرم الحرام کے موقع پر بھکر سٹی میں امام بارگاہ درِ عباس سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
جلوس روٹ کے معائنے کے دوران ڈی پی او نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی پرکھی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ مکمل الرٹ رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں نبھائیں۔
اس موقع پر شہزاد رفیق اعوان نے منتظمین جلوس، امن کمیٹی کے ممبران اور انجمن تاجران کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ گفتگو میں محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات، امن و امان کی صورتحال اور جلوس کے پرامن انعقاد سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔
ڈی پی او نے کہا کہ عزادارانِ امام حسینؑ کی جان و مال کا تحفظ بھکر پولیس کی اولین ترجیح ہے اور محرم کے دوران فول پروف سیکیورٹی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے منتظمین اور تاجران کے تعاون کو سراہا اور امن و بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
بھکر پولیس کے مطابق مرکزی جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس، ایلیٹ فورس، محافظ اسکواڈ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر فعال ہیں اور انتظامات کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
