اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا تھا، تاہم افسوس کہ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضے کے باعث یہ وعدہ آج تک پورا نہ ہو سکا۔
کشمیر کے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یو این کمیشن برائے بھارت و پاکستان نے 5 جنوری 1949 کو ایک تاریخی قرارداد منظور کی، جس میں طے پایا تھا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، مگر بھارتی جبر و تشدد کے تمام ہتھکنڈے کشمیری عوام کے عزم اور حوصلے کو پست کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جابرانہ اور غیرقانونی اقدامات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے اور کشمیری عوام کو ان کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق دلائے۔
واضح رہے کہ آج پاکستان، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری یومِ حقِ خودارادیت منا رہے ہیں، جس کا مقصد عالمی برادری کو کشمیر سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کرانا ہے۔
