📍 اسلام آباد:
ملک بھر میں رحمتوں اور برکتوں والی شبِ معراج نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، اس موقع پر مساجد میں خصوصی محافل، نوافل اور ذکر و اذکار کا اہتمام کیا گیا۔
شبِ معراج کے موقع پر مساجد میں درود و سلام، نعت خوانی اور قرآن خوانی کی محافل منعقد ہوئیں، جب کہ شہریوں نے رات بھر عبادات میں مشغول رہ کر ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور امتِ مسلمہ کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
علمائے کرام نے اپنے خطابات میں واقعۂ معراج النبی ﷺ اور اس کی عظمت و فضیلت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ اسی مبارک رات پانچ وقت کی نماز امتِ مسلمہ پر فرض کی گئی۔
علمائے کرام کے مطابق شبِ معراج وہ عظیم رات ہے جب اللہ رب العزت نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ اور پھر آسمانوں کی سیر کا شرف عطا فرمایا، جہاں تمام انبیائے کرام نے نبی کریم ﷺ کی اقتداء میں نماز ادا کی۔
قرآن کریم کی سورۃ الاسراء کی ابتدائی آیات میں واقعۂ معراج کا ذکر موجود ہے۔ اس سفر کے دوران رسول اکرم ﷺ کو جنت اور دوزخ کے مناظر دکھائے گئے اور مختلف انبیائے کرام سے ملاقات بھی ہوئی۔
