کراچی: شہر قائد میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گئی ہے، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 21 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق پولیو مہم کے دوران گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔
دوسری جانب بلوچستان بھر میں بھی آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ صوبے میں مہم کے دوران 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس قومی مہم میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جو دور دراز اور حساس علاقوں تک رسائی حاصل کریں گی۔
حکام کے مطابق پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے والدین کا تعاون نہایت ضروری ہے۔ محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ آنے والی نسل کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔