Table of Contents
کولمبو:
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔
کولمبو میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں امریکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے۔
اوپنر صاحبزادہ فرحان 73 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ شاداب خان نے جارحانہ انداز میں 12 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی اننگز
پاکستان کا آغاز شاندار رہا۔
صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کے درمیان 54 رنز کی اوپننگ شراکت داری قائم ہوئی، تاہم صائم ایوب 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد کپتان سلمان علی آغا صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے اننگز کو سنبھالا، فرحان نے نصف سنچری مکمل کی جبکہ بابر اعظم 32 گیندوں پر 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں صاحبزادہ فرحان 73 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ شاداب خان کی تیز رفتار اننگز نے اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
امریکا کی جانب سے شیڈلے وین شاک وک نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
امریکا کی اننگز
191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکا کا آغاز اچھا رہا تاہم بعد میں پاکستانی اسپنرز کے سامنے بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔

جہانگیر اور گوس کے بعد صرف رانجانے ہی مزاحمت کر سکے، جو 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے اسپن اٹیک کے دباؤ میں آکر امریکا کی وکٹیں تیزی سے گرتی رہیں۔
امریکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 158 رنز ہی بناسکی۔
یوں پاکستان نے 32 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 2024 میں امریکا کے ہاتھوں ہونے والی شکست کا بدلہ لے لیا۔
ٹیم میں تبدیلی
امریکا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی،
عثمان طارق کو سلمان مرزا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پاکستان ٹیم
صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ امریکا کو بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان اب بھارت کے خلاف بڑے مقابلے سے قبل اس فتح سے بھرپور اعتماد حاصل کرے گا۔
