پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے سے پاکستان کی ترقی نہیں روکی جا سکتی: فیلڈ مارشل عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں چلنے والی دہشتگردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔ دشمن قوتیں جو پراکسیز اور منفی مہمات کے بل پر ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، وہ بالآخر ناکام ہوں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں ان کا استقبال کور کمانڈر کوئٹہ نے کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔
خطاب میں فیلڈ مارشل نے اسٹاف کالج کے تربیتی معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز اور تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کی اہمیت پر روشنی ڈالی، اور یاد دلایا کہ جدید جنگ کا منظرنامہ تیزی سے بدل رہا ہے — اس لیے تیاری اور اپ ڈیٹ رہنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کالج کے فارغ التحصیل افسران ہمیشہ اپنی غیرمعمولی کارکردگی اور لگن کی وجہ سے نمایاں رہے ہیں۔ افسران کو چاہیے کہ وہ بدلتے جنگی تقاضوں کا مؤثر جواب دینے کے لیے اپنی اور اپنے جوانوں کی تربیت جاری رکھیں اور آپریشنل برتری کا اعلیٰ معیار کسی صورت کم نہ ہونے دیں۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے صوبے میں امن، استحکام اور ریاستی رٹ کو برقرار رکھنے میں افواج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فوجی جوانوں کے بلند حوصلے اور آپریشنل عزم کی تعریف کی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ مسلح افواج عوام کی بھرپور حمایت کے ساتھ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک میدان میں ڈٹی رہیں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ پائیدار ترقی اور طویل المدتی استحکام کا راستہ عوام دوست حکمتِ عملی اور بہتر طرزِ حکمرانی سے ہو کر گزرتا ہے، اور سکیورٹی اقدامات بھی اسی سوچ کا حصہ ہونے چاہئیں۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے بلوچستان حکومت کی سماجی اور معاشی بہتری کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط کیے بغیر نہ امن ممکن ہے، نہ ترقی۔
