اربن فاریسٹ منصوبہ کراچی کی آلودگی کم کرنے کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا: میئر کراچی
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ اربن فاریسٹ منصوبہ شہرِ قائد کی فضائی آلودگی میں کمی کے لیے ایک فیصلہ کن قدم ثابت ہوگا۔ شاہراہ بھٹو پر دس ہزار درخت لگائے جا چکے ہیں اور ایک لاکھ مقامی پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ یہ منصوبہ کراچی کو سرسبز اور ماحول دوست شہر بنانے کی سمت میں بڑا اقدام ہے۔ شاہراہ بھٹو پر نیم، گل مہر اور دیگر مقامی اقسام کے درخت لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو ماہ قبل بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ پارکس نے اس مقام پر کام کا باقاعدہ آغاز کیا تھا، اور یہ شجرکاری منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے آکسیجن لیول کو بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ کورنگی میں نیم کے درخت لگائے گئے ہیں اور آنے والے وقت میں شہر کے ساتوں اضلاع میں گرین زونز قائم کیے جائیں گے۔
ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہراہ بھٹو کے علاوہ بلوچ کالونی ایکسپریس وے، کورنگی کازوے اور تاج حیدر برج کی تعمیر بھی جاری ہے۔ شہر کے مختلف حصوں میں بیک وقت کئی ترقیاتی کام آگے بڑھ رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ گرین زونز بنانے کی اس مہم میں شریک ہوں اور صدقہ جاریہ کے طور پر پودا لگانے کو اپنا شعار بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری شہری انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
