پنکی کی عدالت پیشی: پولیس افسران کی غفلت ثابت، محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش
منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کی عدالت میں پیشی کے دوران سیکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر ڈی آئی جی ویسٹ نے اپنی تحقیقات مکمل کرلی ہیں، جن میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی سنگین غفلت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقاتی عمل کے دوران ایس ایس پی سمیت 15 افسران و اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ مرتب کی گئی، جس میں بعض افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی سفارش شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رپورٹ آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کو پیش کی جائے گی، جو اس کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف آگے کی کارروائی کا فیصلہ کریں گے۔
پنکی کیس پہلے ہی صوبے میں پولیس کارکردگی پر سوالات اٹھا چکا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ انتظامیہ اس رپورٹ پر کس حد تک عملدرآمد کرتی ہے اور کتنے افسران کو جوابدہ ٹھہرایا جاتا ہے۔
