شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، خارجی سرغنہ سمیت 4 دہشتگرد ہلاک
شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس میں خارجی سرغنہ عمر عرف جان میر سمیت چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کا ہدف خارجی سرغنہ عمر عرف جان میر تھا جس کے سر کی قیمت 30 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ یہ شخص سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر ہونے والے کئی دہشتگرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور طویل عرصے سے فورسز کی زد میں تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے سرغنہ نے سپن وام میں بوبالی مسجد کے قریب زیر زمین بنکر اور سرنگیں تعمیر کر رکھی تھیں اور مختلف مقامات پر بارودی جال بھی بچھائے ہوئے تھے۔ اس نیٹ ورک کو آپریشن کے دوران ناکارہ بنا دیا گیا۔
یہ کارروائی علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے جاری سیریز آف آپریشنز کا حصہ ہے۔ سکیورٹی فورسز کی اس کامیابی کو مقامی سطح پر خطرے میں نمایاں کمی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
