کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں مسلح افراد کا حملہ، 3 افراد جاں بحق
کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں مسلح افراد کے حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں سکیورٹی اداروں کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس واقعے کے خلاف شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور مظاہرین نے ائیرپورٹ روڈ پر احتجاجی دھرنا دے کر سڑک بلاک کر دی۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے اور علاقے میں سکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
صوبائی وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو نے رات واقعے کے بعد ہی متاثرہ علاقے کا دورہ کیا اور کلی بابری میں قبائلی عمائدین اور نوجوانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے قبائلی عمائدین کو یقین دہانی کروائی کہ علاقے میں مشترکہ سکیورٹی چیک پوسٹ قائم کی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ہنہ اوڑک میں پیش آنے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے حملے میں مقامی قبائلی افراد کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
