مظفرآباد میں نجی کالج کے پرنسپل پر فائرنگ، سر میں تین گولیاں لگنے سے شدید زخمی
مظفرآباد میں ایک نجی کالج کے پرنسپل حمزہ احمد ڈار پر قریب سے فائرنگ کی گئی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے۔ سر میں تین گولیاں لگنے کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
کالج کے چوکیدار نے پولیس کو بتایا کہ پرنسپل اپنے دفتر سے باہر نکل رہے تھے کہ پہلے سے موجود حملہ آور نے فائرنگ کردی۔ حملہ آور اکیلا تھا اور اس کا کوئی ساتھی موجود نہیں تھا۔ پولیس نے ملزم کو اسلحے سمیت موقع پر ہی حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم واہ کینٹ کا رہائشی ہے۔ اس حملے کی وجوہات اور پس منظر جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس یہ بھی معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا ملزم اور پرنسپل کے درمیان پہلے سے کوئی تنازع موجود تھا۔
