موقع ملا تو کشمیر کے مسائل کشمیر میں بیٹھ کر حل کریں گے، شعیب صدیقی
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ موقع ملنے کی صورت میں کشمیر کے مسائل کشمیر میں بیٹھ کر حل کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پی اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے نظر آئے گی۔
سماء نیوز کے پروگرام "دو ٹوک” میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں روڈ انفراسٹرکچر اور سیاحت کے منصوبے برسوں کی بجائے دنوں میں مکمل کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں استحکام پاکستان پارٹی ایک مستحکم کشمیر کی بنیاد رکھے گی۔
انہوں نے بتایا کہ میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پارٹی کے امیدوار میدان میں ہیں اور پہلے ہی مرحلے میں نتائج واضح ہو جائیں گے۔ شعیب صدیقی کے مطابق عبدالعلیم خان نے عوام کے شعور کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات مرحلہ وار کرائے جا رہے ہیں، تاہم میرپور ڈویژن میں کسی قسم کی ہیجانی کیفیت نظر نہیں آئی۔
رہنما آئی پی پی نے سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ذہنوں میں یہ سوال موجود ہے کہ پرانے دعوے کیوں پورے نہیں ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کشمیر کے فیصلے کشمیر میں ہوتے تو کالعدم ایکشن کمیٹی بنانے کی نوبت نہ آتی۔ شعیب صدیقی نے یہ بھی کہا کہ عوام یہ ماننے کو تیار نہیں کہ پیپلزپارٹی حکومت کا حصہ نہیں، کیونکہ بالواسطہ یا بلاواسطہ طور پر پیپلزپارٹی بھی حکومتی سیٹ اپ کا حصہ ہے۔
