وفاقی حکومت کا غیرقانونی افغان باشندوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ
پاکستان میں مقیم غیرقانونی افغان شہریوں کو دی گئی مہلت ختم ہونے کے بعد وفاقی حکومت نے کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بغیر ویزا مقیم ہر افغان شہری کو فوری گرفتار کر کے ملک بدر کیا جائے گا، جبکہ غیرقانونی افغان باشندوں کو پناہ دینے یا کرائے پر رہائش فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں افغان باشندوں کی جیوٹیگنگ اور جیو فینسنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس ڈیٹا کی مدد سے گرفتاریوں کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں سے متعلق رپورٹ بھیجی جائے گی، جس میں گرفتار کیے گئے بغیر ویزا افغان شہریوں کی تعداد، جاری کارروائیوں کی تفصیلات اور زیرحراست افراد کی موجودہ صورتحال شامل ہوگی۔ وزارت داخلہ نے اس سلسلے میں 28 جون کو گلگت بلتستان، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور تمام صوبوں کو مراسلہ بھی جاری کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا یہ سلسلہ ملک بھر میں مسلسل جاری رہے گا اور اس دوران کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔