آیت اللہ خامنہ ای کی تدفین جولائی تک مؤخر، تہران کے میئر کا اعلان
تہران: ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری تدفین کی تقریب ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔
تہران کے میئر علی رضا زاکانی نے کہا ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای کی آخری رسومات کی تقریب جون کے آخر یا جولائی کے آغاز تک ملتوی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کے امکان اور اس کے لیے ضروری انتظامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کے بعد آخری رسومات محرم کے دوسرے عشرے میں، یعنی 26 جون سے 5 جولائی کے درمیان منعقد ہونے کا امکان ہے۔ اس سے قبل توقع کی جا رہی تھی کہ تدفین کی تقریب محرم الحرام کے آغاز میں ہی مکمل کرلی جائے گی، تاہم انتظامی نوعیت کی وجوہات کی بنا پر اس میں مزید تاخیر ہوگئی۔
آیت اللہ خامنہ ای کئی دہائیوں سے ایران کی مذہبی اور سیاسی قیادت کا مرکز رہے، اور ان کی تدفین کو ایران میں ایک اہم قومی تقریب کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس میں بڑی تعداد میں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ حتمی تقریب ان کے آبائی شہر مشہد میں منعقد کی جائے گی۔
