بینک اکاؤنٹ ہولڈرز خبردار، اے ٹی ایم کارڈ جعلسازی کی انوکھی واردات کا انکشاف
لاہور میں اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے کی ایک نئی قسم کی واردات سامنے آئی ہے۔ اس میں نہ کوئی سسٹم ہیک ہوا اور نہ کسی سافٹ ویئر میں نقب لگائی گئی۔ مشین کے ساتھ معمولی چھیڑ چھاڑ کی گئی اور شہریوں کے اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے نکال لیے گئے۔ میٹرک فیل نوجوانوں پر مشتمل ایک گینگ اس طرح کی درجن بھر وارداتیں کر چکا ہے۔
پولیس کے مطابق وحدت کالونی میں ایک بینک کے اے ٹی ایم پر ایک بزرگ خاتون رقم نکلوانے آئیں۔ وہاں پہلے سے تین افراد موجود تھے، جن میں سے ایک کیبن کے اندر اور دو باہر کھڑے تھے۔
اندر موجود شخص نے ایسا ظاہر کیا جیسے اس کا کارڈ مشین میں پھنس گیا ہو۔ باہر کھڑے دونوں افراد انجان بنے رہے اور خاتون کو مشین استعمال کرنے کا موقع دیا۔ خاتون نے کارڈ ڈالا تو مشین جام ہو گئی۔
وہ کچھ دیر انتظار کرتی رہیں، لیکن کارڈ واپس نہ آیا تو گھر کی طرف چل پڑیں۔ ابھی راستے میں ہی تھیں کہ اکاؤنٹ سے رقم نکلنے کا پیغام آ گیا۔
پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو سراغ چونیاں تک پہنچا۔ وہاں سے تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا گیا، جس میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ ملزمان گزشتہ ایک سال میں درجن سے زائد وارداتیں کر چکے ہیں اور ان کا زیادہ تر نشانہ بزرگ شہری ہوتے تھے۔
تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزمان اے ٹی ایم کا لینگوئج ماڈیول تبدیل کر دیتے تھے۔ اس کے بعد سسٹم کو معمول پر آنے میں دس منٹ سے زیادہ لگ جاتے تھے۔ اس دوران جو بھی شخص رقم نکالنے کی کوشش کرتا، مشین اس کا کارڈ روک لیتی تھی۔
