دہشت گرد جتنے مرضی حملے کر لیں،ہم پاکستان کا پرچم نہیں چھوڑیں گے: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد جتنے مرضی حملے کر لیں، صوبے کا پرچم نہیں چھوڑا جائے گا اور بلوچستان کے عوام پاکستان سے محبت رکھتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں نوابزادہ سراج رئیسانی کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ تین روز قبل بیلہ میں پاک فوج کے گیارہ جوان شہید ہوئے، جبکہ ایک روز پہلے پانچ حجام دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ سرفراز بگٹی نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ واقعات صوبے کی روایت کا حصہ ہیں اور کیا کوئی ان کے خلاف آواز بلند کر رہا ہے۔ ان کے بقول یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جسے سب مل کر ناکام بنائیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے خطاب میں بتایا کہ دو ماہ قبل ان کے چھوٹے بھائی کو دہشت گردی کے ایک واقعے میں زخمی کیا گیا تھا، تاہم وہ آج بھی دہشت گردوں کے خلاف سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی، بلوچستان پولیس اور پاک افواج مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں، مگر جہاں ایک طرف ریاستی اداروں کے اہلکار نشانہ بنائے جا رہے ہیں، وہیں دوسری طرف الزامات بھی ریاست پر عائد کیے جاتے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے شہید نوابزادہ سراج رئیسانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت بلوچستان کی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سراج رئیسانی صوبے کے مشکل ترین حالات میں فرنٹ لائن پر رہے اور اسی راستے میں جان کا نذرانہ دیا۔
