اسلام میں خواتین سے متعلق واضح احکامات ہیں، خواتین کو بااختیار بنانا قوم کی ترقی ہے: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اسلام میں خواتین سے متعلق واضح احکامات موجود ہیں اور خواتین کو بااختیار بنانا کسی ایک طبقے نہیں بلکہ پوری قوم کی ترقی کے مترادف ہے۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کی نویں وزارتی کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس کانفرنس میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور بتایا کہ پنجاب حکومت خواتین کے لیے مالی شمولیت اور کاروباری مواقع کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ خواتین کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے آئی ٹی اسکلز کی تربیت دی جا رہی ہے۔ ان کے بقول تعلیم، صحت اور روزگار خواتین کے بنیادی حقوق ہیں، اور صوبائی حکومت خواتین کو بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کے لیے محفوظ اور مساوی مواقع کی فراہمی وفاقی حکومت کی بھی ترجیح ہے۔ اس کے علاوہ طالبات کو اسکالرشپس اور لیپ ٹاپ کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔
