بلوچستان کے ضلع زیارت سے دو ہفتے قبل اغواء کیے گئے چار افراد میں سے تین کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ بازیاب ہونے والوں میں ایک پولیس آفیسر بھی شامل ہیں جبکہ چوتھے شخص کی تلاش ابھی جاری ہے۔
ایس پی زیارت طلال شاہ کے مطابق 21 مئی کو کوئٹہ ہرنائی روڈ پر مانگی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے کوئلہ بردار پانچ ٹرکوں کو آگ لگا دی۔ اسی دوران ملزمان پولیس آفیسر مسعود خان پانیزئی، اشرف خان پانیزئی اور جاوید پانیزئی کو مانگی سے اغواء کر کے لے گئے۔ ایک الگ واقعے میں ملک شین گل ترین کو ناکس کے مقام سے بھی گن پوائنٹ پر اٹھا لیا گیا۔
بدھ کو مانگی سے اغواء کیے گئے تینوں افراد بازیاب ہو گئے۔ تاہم ناکس سے اغواء ہونے والے ملک شین گل ترین کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا اور ان کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔