زیر سمندر انٹرنیٹ کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان بھر میں انٹرنیٹ کی سروس متاثر، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ ایس ایم ڈبلیو 5 سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث ملک بھر میں بعض صارفین کو انٹرنیٹ سروس، رفتار اور کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ یہ تعطل عارضی نوعیت کا بتایا جا رہا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی انٹرنیٹ ٹریفک کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ دوسری جانب ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس اور ایس ایم ڈبلیو 5 کنسورشیم خرابی کی وجوہات جاننے کے لیے تکنیکی تحقیقات میں مصروف ہیں۔
صارفین پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی لنکس پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد سروسز کو ممکنہ حد تک معمول کے مطابق برقرار رکھنا ہے۔
پی ٹی اے نے کہا ہے کہ سروسز کی جلد بحالی کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ مسلسل جاری ہے۔ تاہم اس دوران بعض صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں عارضی کمی محسوس ہو سکتی ہے۔
