بھکر: اسلحہ کی نمائش کرنے والے افراد گرفتار، کلاشنکوف، ریپیٹر اور پستول برآمد
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر شہزاد رفیق اعوان کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر، اسلحہ کی نمائش کرنے والوں اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے افراد کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایس ڈی پی او کلورکوٹ ظفر اقبال کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ حیات خان شہید انسپکٹر ملک کاظم حسین اور تفتیشی افسر سب انسپکٹر محمد عارف گنجیال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ تھانہ حیات خان شہید کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان میں محمود الحسن، رمضان اور خالد شامل ہیں۔ محمود الحسن سے 44 بور کلاشنکوف نما، رمضان سے 12 بور ریپیٹر اور خالد سے 30 بور پستول برآمد کیا گیا۔ تینوں کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
اسی دوران ایک الگ کارروائی میں پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے ملزم احسان اللہ کو حراست میں لے لیا۔ ملزم نے مکان کرائے پر لینے کے باوجود قانونی طور پر اندراج نہیں کروایا تھا، جس پر اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
تھانہ حیات خان شہید پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی میں جنسی زیادتی کی کوشش کے ملزم کامران کو بھی گرفتار کر لیا۔ اس کے خلاف مقدمہ درج ہو چکا ہے اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔
ڈی پی او بھکر کا کہنا ہے کہ اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور منشیات فروشی سمیت تمام جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ بھکر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔
