محرم الحرام کے انتظامات: ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، فوکل پرسن نامزد
فیصل آباد — محرم الحرام کے موقع پر امن و امان اور انتظامی تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز، سی اوز ایم سی، ضلع کونسل، ستھرا پنجاب، محکمہ صحت، واپڈا، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور مجالس کے تمام روٹس پر محرم الحرام سے قبل ضروری تعمیر و مرمت، صفائی ستھرائی، بجلی کی تاروں کی درستگی، سیوریج کی صورتحال، اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب و بحالی مکمل کی جائے۔ تمام انتظامات کی نگرانی اور مانیٹرنگ کے لیے اے ڈی سی جی ڈاکٹر ارشد وٹو کو فوکل پرسن نامزد کر دیا گیا۔ تحصیل سطح پر بھی فوکل پرسنز مقرر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تاکہ ہر حلقے میں انتظامات کو مربوط انداز میں سنبھالا جا سکے۔
واسا اور میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی گئی کہ جلوس روٹس پر تمام مین ہولز ڈھکے جائیں اور سیوریج و پیچ ورک کا کام بروقت مکمل کیا جائے۔ فیسکو حکام کو تاکید کی گئی کہ روٹس پر بجلی کی تاریں محفوظ کی جائیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں جلوس روٹس کی صفائی کو یقینی بنائیں گی، جبکہ ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے اہلکار مکمل الرٹ رہیں گے۔
شہریوں کی سہولت کے پیش نظر ضلعی اور تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے۔ جلوس و مجالس کے شرکا کے لیے میٹھے پانی کی سبیلیں اور عارضی واش رومز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جائے گی تاکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید فول پروف بنایا جا سکے۔
