گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کا حکم: فارم 45 کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے
گلگت بلتستان الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ ہر پولنگ اسٹیشن پر تمام امیدواروں کے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی مصدقہ نقل لازماً فراہم کی جائے۔ کمیشن کے مطابق جن اسٹیشنوں پر گنتی مکمل ہوچکی ہے وہاں فارم 45 جاری کیے جا رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے میڈیا کو بھی تاکید کی کہ فارم 45 کے اجرا سے متعلق غیر مصدقہ خبریں نشر نہ کی جائیں اور سیاستدانوں کے بے بنیاد دعوؤں کو تصدیق کے بغیر پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
کمیشن کے اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ انتخابی عمل سے متعلق تمام اقدامات الیکشن ایکٹ 2017 اور الیکشن رولز 2017 کی متعلقہ دفعات کے مطابق ہوں گے۔ تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ جاری کردہ احکامات پر ان کی حقیقی روح کے مطابق مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
