اسرائیلی طیاروں کی بیروت کے جنوبی مضافات میں بمباری، رہائشی عمارتیں نشانہ بنیں
اسرائیلی طیاروں نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ حملے کا حکم اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے دیا تھا اور کارروائی سے قبل واشنگٹن کو بھی آگاہ کیا گیا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق بیروت میں دو رہائشی اپارٹمنٹس کو تین میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔ عرب میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ایران کی جانب سے دھمکی کے بعد نیتن یاہو نے بیروت پر حملے کا منصوبہ عارضی طور پر واپس لے لیا تھا، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ یہ تازہ کارروائی ممکنہ طور پر کسی ہدف کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن ہوسکتی ہے۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر صور اور گردونواح کے رہائشیوں کو فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ اس سے قبل لبنان سے اسرائیلی علاقوں یفتاح اور راموت نفتالی کی جانب داغے گئے دو راکٹوں کو فضا میں ہی مار گرایا گیا۔ حزب اللہ نے ان راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
