امریکا کا بدلتا موقف مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ امریکا کا مسلسل بدلتا موقف ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ سی این این سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ثالثوں کے ذریعے دونوں ملکوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ ابھی تک جاری ہے۔
بقائی کے مطابق مذاکرات میں کئی نکات پر ابھی تک اتفاق نہیں ہو سکا۔ یورینیم کی افزودگی کے معاملے پر واشنگٹن سے گہرے اختلافات موجود ہیں اور ایران کا موقف ہے کہ امریکا کو ایرانی حقوق تسلیم کرنے ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا غیر ملکی بینکوں میں منجمد ایرانی اثاثوں کے معاملے پر کوئی رعایت دینے کو تیار نہیں، جبکہ تہران کا مطالبہ ہے کہ یہ اربوں ڈالر فوری طور پر جاری کیے جائیں۔
ترجمان نے آبنائے ہرمز میں ایرانی تجارتی بحری جہازوں پر امریکی حملوں کا بھی ذکر کیا اور موجودہ کشیدگی کی ذمہ داری واشنگٹن کی پالیسیوں پر ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایرانی مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
