گلگت بلتستان انتخابات: قمر زمان کائرہ کا پولنگ بے قاعدگیوں پر الیکشن کمیشن سے فوری ایکشن کا مطالبہ
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں سنگین بے قاعدگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے گلگت بلتستان الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ پارٹی کے تحفظات پر فوری نوٹس لیا جائے۔
کائرہ نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں کو حلقوں سے دور منتقل کرکے پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک براہِ راست متاثر کیا گیا۔ بعض مقامات پر انتخابی عملہ وقت پر نہیں پہنچا، جس سے ووٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے بقول انتخابی عمل کو جان بوجھ کر سست رکھنا منصفانہ الیکشن پر سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جب تک حلقوں میں تمام ووٹ کاسٹ نہیں ہو جاتے، پارٹی انتخابی عملے کو اسٹیشن نہیں چھوڑنے دے گی۔ الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شکایات کو نظرانداز نہ کیا جائے اور شفافیت یقینی بنائی جائے۔
