تیزاب گردی کا نشانہ بننے والی لیڈی ڈاکٹر کا ابتدائی طبی معائنہ مکمل، حالت تسلی بخش
کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں تیزاب حملے کا شکار ہونے والی خاتون ڈاکٹر اس وقت کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں اور ان کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ ڈاکٹر کا ری کنسٹرکٹیو سرجن اور ماہر چشم نے ابتدائی معائنہ مکمل کر لیا ہے۔ ان کے چہرے، پیٹ، ٹانگ اور دائیں ہاتھ پر جلنے کے زخم ہیں جبکہ جسم کا مجموعی طور پر 13 فیصد حصہ متاثر ہوا ہے۔ حملے میں آنکھیں بھی زد میں آئیں، تاہم بینائی محفوظ ہے۔
متاثرہ ڈاکٹر کو اسپیشل کیئر یونٹ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں نے ضروری ٹیسٹ بھی کر لیے ہیں۔ طبی ٹیم 24 گھنٹوں بعد دوبارہ معائنہ کرے گی۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل کوئٹہ کے سنڈیمن اسپتال میں ایک شخص نے ڈیوٹی پر موجود خاتون ڈاکٹر پر تیزاب پھینک دیا تھا جس سے وہ شدید متاثر ہوئیں۔ اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں پہلے ایک نجی اسپتال اور پھر بہتر علاج کی سہولت کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔
