گلگت بلتستان اسمبلی: 30 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا، اسپیکر و وزیراعلیٰ کے انتخاب کی تیاری مکمل
گلگت: گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں 30 نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر اسمبلی نذیر احمد ایڈووکیٹ نے ارکان سے حلف لیا اور حلف برداری کے بعد انہیں مبارکباد دی۔
حلف اٹھانے والے ارکان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 13، مسلم لیگ ن کے 9، استحکام پاکستان پارٹی کے 6، مجلس وحدت مسلمین کا ایک اور ایک آزاد رکن شامل ہیں۔
اجلاس کے اگلے مرحلے میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ کا انتخاب ہونا ہے۔ اسپیکر کے عہدے کے لیے پیپلز پارٹی کے عمران ندیم بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ کی نشست پر بھی پارٹی کے امجد حسین ایڈووکیٹ بلامقابلہ منتخب ہوں گے۔ نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
اسمبلی کے موجودہ اسپیکر نے اجلاس اسی وقت تک ملتوی کر دیا ہے۔ البتہ گلگت کے 3 حلقوں کا نوٹی فکیشن ابھی تک عدالتی حکم کی وجہ سے روکا ہوا ہے، جس کے باعث ان حلقوں کے ارکان حلف نہیں اٹھا سکے۔
