ڈونلڈ ٹرمپ امن پسند شخصیت، ایرانی قیادت خطے میں امن کے لیے مخلص ہے: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن پسند شخصیت ہیں جبکہ ایران کی قیادت بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے مخلص ہے۔
برگن اسٹاک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک ایٹمی تصادم کے انتہائی قریب پہنچ چکے تھے اور اس نازک موقع پر امریکی صدر کی متحرک اور جرات مندانہ قیادت نے بروقت مداخلت کی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ نے کروڑوں انسانوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے بقول اگر تنازع کو بروقت نہ روکا جاتا تو ایٹمی جنگ کے نتیجے میں بےشمار جانوں کا ضیاع ہو سکتا تھا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات قائم ہیں اور وقت کے ساتھ یہ تعلقات مزید مضبوط اور گہرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ وابستگی پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
اس سے قبل مذاکراتی عمل کے آغاز سے پہلے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ یہ عالمی امن کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام فریق اسی مقصد کے لیے جمع ہوئے ہیں اور توقع ہے کہ بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے اختتام پر فریقین کے پاس ایک واضح اور مضبوط معاہدے کی دستاویز موجود ہو گی۔ انہوں نے امریکی صدر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مدبرانہ پالیسی ہی کی وجہ سے یہ مذاکرات ممکن ہو سکے۔
