آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ٹرانزٹ فیس کی حمایت نہیں کرتے، عمانی وزیر خارجہ
عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کہا ہے کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر ٹرانزٹ فیس عائد کرنے کی حمایت نہیں کرتا۔ اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ بحری، ماحولیاتی اور نیویگیشن خدمات کے عوض فیس کی وصولی کے خلاف ہیں۔
بدر البوسعیدی کے مطابق اس وقت سب سے زیادہ توجہ سمندری حفاظت کو بہتر بنانے پر ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آلودگی سے بچاؤ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات بھی اتنے ہی ضروری ہیں۔ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں سے روزانہ بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل ہوتی ہے، اسی لیے اس کی حفاظت اور بلا رکاوٹ ٹریفک خطے کے ممالک کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
دوسری جانب لبنان کے صدر جوزف عون نے بھی ایک اہم بیان دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں کے تحفظ اور ملک میں داخلی امن برقرار رکھنے میں فوج کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ صدر عون نے بتایا کہ اسرائیل کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے بعد فوج کے سربراہ سے ملاقات کر کے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
جوزف عون نے زور دیا کہ فوجی ادارہ ہمیشہ سیاسی قیادت کے فیصلوں کا پابند رہا ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب خطے میں سیکیورٹی صورتحال پر بین الاقوامی سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
