لودھراں: بہاولپور روڈ پر خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک شخص جاں بحق، ایک شدید زخمی
بار بی کیو ٹونائٹ ہوٹل کے قریب بہاولپور روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دو افراد موٹر سائیکل پر سوار بہاولپور سے لودھراں کی جانب آ رہے تھے کہ اسی دوران ایک دوسری موٹر سائیکل نے انہیں کراس کرتے ہوئے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے سے دونوں افراد سڑک پر گر گئے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ گرنے کے فوراً بعد پیچھے سے آنے والا ایک ٹرالر دونوں کے اوپر سے گزر گیا، جس سے صورتحال مزید سنگین ہوگئی۔
حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ دوسرا شخص شدید زخمی حالت میں پایا گیا، جسے ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لودھراں منتقل کیا۔ زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے علاج معالجہ جاری ہے۔
پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے ٹرالر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
