ایران کا امریکی تنصیبات پر حملے، ڈرونز اور ہیلی کاپٹر ہینگرز نشانہ بنانے کا دعویٰ
امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی پاسداران انقلاب نے کویت میں قائم امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان ممالک کو نشانہ بنا رہے ہیں جن پر امریکی فوج قابض ہے۔
بیان کے مطابق کویت میں علی السالم ایئر بیس پر فوجی سازوسامان کا گودام حملے کی زد میں آیا۔ اس کے علاوہ امریکی پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام اور ایم کیو9 ڈرونز کے ہینگر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
پاسداران انقلاب نے یہ بھی بتایا کہ العدیری بیس پر امریکی فوجیوں کی رہائشگاہ اور دو ہیلی کاپٹر ہینگرز پر میزائل داغے گئے۔ کویت میں موجود ایک موصلاتی ٹاور کو بھی حملے میں نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں یہ موقف اپنایا گیا کہ کویت کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ایران کی طرف سے نہیں بلکہ امریکہ کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے واضح کیا کہ ان کی کارروائیوں کا رخ ان مقامات کی طرف ہے جہاں امریکی فوجی موجودگی قائم ہے۔
خطے میں کشیدگی بڑھنے کے باعث بین الاقوامی برادری کی نظریں اس صورتحال پر جمی ہوئی ہیں، جبکہ امریکہ کی جانب سے اس دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
