مون سون میں بارشیں معمول سے کم لیکن شدت زیادہ ہونے کی پیشگوئی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے رواں مون سون سیزن کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق اس بار بارشیں معمول سے کم ریکارڈ ہوں گی مگر جہاں بھی برسیں گی وہاں شدت زیادہ دیکھنے میں آئے گی۔
این ڈی ایم اے کی ماہر ڈاکٹر بشریٰ خالد نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی سطح پر متحرک موسمیاتی نظام النینو مون سون کی بارشوں میں کمی کا باعث بن رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب النینو فعال ہوتا ہے تو پاکستان میں مون سون کی شدت خودبخود کم ہو جاتی ہے۔
ڈاکٹر بشریٰ خالد کے مطابق نارتھ ایسٹرن سائیڈ سے داخل ہونے والا مون سون سسٹم اس بار نسبتاً کمزور ہے اور اپنے ساتھ روایتی بارشوں جتنی نمی نہیں لا رہا، جس کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصوں میں بارشوں کا دورانیہ اور مقدار دونوں متاثر ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مون سون کے تیسرے سلسلے کی نشاندہی کر دی ہے۔ محکمے کے اعلامیے کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں 11 اور 12 جولائی کو مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ سندھ کے بعض حصوں میں یہ سلسلہ 12 اور 13 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ممکنہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
