ایران نے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی، ہم بھی تیار ہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران نے امریکا سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی ہے، جسے امریکا نے قبول کر لیا ہے۔ ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی کی صورتحال پہلے ہی کشیدہ ہو چکی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے ایران کو دوٹوک انداز میں واضح کر دیا ہے کہ جنگ بندی اب ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے بات چیت جاری رکھنے کی درخواست کی، جس پر امریکا نے اتفاق کیا ہے، مگر ساتھ ہی ایران کو یہ پیغام بھی دے دیا گیا ہے کہ جنگ بندی کا معاہدہ اب باقی نہیں رہا۔
یہ بیان ایسے حالات میں آیا ہے جب رواں ہفتے امریکا اور ایران کے درمیان میزائل حملوں کا تبادلہ ہو چکا ہے، جس کے بعد سفارتی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔ قطر کے مذاکرات کار امریکا کی ہم آہنگی سے ایرانی حکام سے ملاقات کے لیے تہران پہنچے ہیں، جبکہ پاکستان بھی دونوں فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششوں میں شامل ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ان کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور مشیر جیرڈ کشنر بات چیت جاری رکھنا چاہتے ہیں، تاہم صدر نے ایرانی قیادت پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان اگلے ہفتے مزید مذاکرات متوقع ہیں، جن کے لیے سوئٹزرلینڈ کا مقام زیر غور بتایا جا رہا ہے۔
