اسلام آباد: راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیاں ہلاک، تعفن سے شہری پریشان
وفاقی دارالحکومت کے راول ڈیم میں ہزاروں مچھلیوں کی ہلاکت سے شہریوں میں تشویش پھیل گئی۔ بنی گالا اور ڈھوکڑی چوک کے اطراف پانی کی سطح پر مردہ مچھلیوں کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں، جبکہ اٹھنے والے تعفن نے مقامی رہائشیوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے مردہ مچھلیاں ڈیم کے کناروں پر آ رہی ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ سال بھی زہریلے کیمیکل کے شبہے میں سیکڑوں مچھلیاں ہلاک ہوئی تھیں، مگر ذمہ داروں کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہ ہو سکی، جس کے باعث یہ صورتحال دوبارہ سامنے آئی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر پانی میں آلودگی یا زہریلے مادوں کی بروقت تحقیقات نہ کی گئیں تو اس کے اثرات صرف آبی حیات تک محدود نہیں رہیں گے، بلکہ انسانی صحت کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے محکمہ فشریز کے مطابق ابتدائی جائزے میں مچھلیوں کی ہلاکت کی وجہ ڈیم میں پانی کی کمی اور شدید گرمی معلوم ہوئی ہے۔ محکمے کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری رکھی جائیں گی تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ آیا پانی میں کوئی کیمیکل شامل کیا گیا تھا یا نہیں۔
