کراچی: قادر پٹیل کے مرکزی دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ
کراچی کے علاقے کلفٹن بوٹ بیسن میں پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل کے مرکزی دفتر کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عینی شاہدین کے مطابق کار میں سوار حملہ آوروں نے دفتر کے مرکزی دروازے کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد گولیاں دروازے کے آر پار ہو گئیں۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور فرانزک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر گولیوں کے خول اکّٹھے کیے اور شواہد محفوظ بنا لیے۔ ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور محرکات جاننے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
