اسلام آباد | Kay News Urdu
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے جی سیون ٹو آبپارہ میں شادی کی خوشیاں قیامت میں بدل گئیں، جہاں شادی والے گھر میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دلہا، دلہن سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سلنڈر دھماکا اس قدر شدید تھا کہ عمارت زمین بوس ہوگئی، جس کے ملبے تلے دب کر 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گھر میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ اچانک گیس سلنڈر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں قریب واقع 4 مکانات بھی متاثر ہوئے۔
پولیس کے مطابق رات تقریباً 2 بجے بارات کے پہنچنے کے کچھ دیر بعد ہی یہ افسوسناک دھماکا پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
