لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں جاری بسنت کی تقریبات کا وقت بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد شہر میں خوشیوں کا سماں مزید طویل ہو گیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ لاہور، پنجاب اور پورے پاکستان میں بسنت کی شاندار تقریبات منعقد ہوئیں اور 25 سال بعد جشن، اتحاد اور خوشیوں کی وہ فضا دوبارہ دیکھنے کو ملی جس کا سب کو انتظار تھا۔
انہوں نے کہا کہ بسنت کی تقریبات کا وقت بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے، اور اب یہ تقریبات کل صبح 5 بجے تک جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ توسیع لاہور کے عوام کے لیے ایک انعام ہے جنہوں نے بسنت کو بھرپور نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ساتھ منایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور کے عوام نے تمام حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عمل کیا، تاہم انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جشن محفوظ انداز میں جاری رکھا جائے، بجلی کی تاروں سے دور رہیں، چھتوں کو محفوظ بنائیں اور تمام سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں 6 سے 8 فروری تک بسنت منانے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے لیے باقاعدہ حفاظتی ایس او پیز بھی جاری کی گئی تھیں۔
بسنت کی تقریبات میں نہ صرف مقامی شہریوں نے بھرپور شرکت کی بلکہ امریکی سفیر، برطانوی ہائی کمشنر اور دیگر ممالک کے سفارتکار بھی بسنت کے رنگ میں رنگے نظر آئے۔ غیر ملکی مہمانوں نے شاندار انتظامات اور کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
